اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستانی نژاد معروف امریکی رہنما اور امریکی مسلم کمیونٹی کی سرگرم شخصیت ساجد تارڑ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔منگل کو گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن ، رکن قومی اسمبلی نور عالم خان بھی موجود تھے۔ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار، باہمی روابط کے فروغ اور بین الاقوامی …
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستانی نژاد امریکی شخصیت ساجد تارڑ کی وفد کے ہمراہ ملاقات ، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص پر تبادلۂ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستانی نژاد معروف امریکی رہنما اور امریکی مسلم کمیونٹی کی سرگرم شخصیت ساجد تارڑ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔منگل کو گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن ، رکن قومی اسمبلی نور عالم خان بھی موجود تھے۔ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار، باہمی روابط کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران امریکا میں مقیم سکھ کمیونٹی کے وفد کے پشاور کے دورے پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر ساجد تارڑ نےکہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اور اقلیتی برادریاں پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کر رہی ہیں اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مذہبی سیاحت کے بے شمار بہترین مقامات موجود ہیں، جو نہ صرف سکھ بلکہ دیگر اقلیتی برادریوں کے لیے بھی خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں اقلیتیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی اس ملک کے سفیر ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ اورسیز پاکستانیوں کے لئے جو کردار ادا کیا وہ مثالی ہے۔
گورنر نے کہا کہ بطور گورنر حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے پشاور میں تمام اقلیتی برادریوں کی عبادت گاہوں کا دورہ کیا تاکہ یکجہتی، احترام اور رواداری کا پیغام دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں اقلیتی برادریوں کی مذہبی اور ثقافتی تقاریب کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا ہے جس کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں اور اقلیتی برادریوں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا اورخیبرپختونخوا کو مذہبی سیاحت اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے مرکز کے طور پر اجاگر کیا جائے گا۔







