گورنر خیبرپختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد میں پبلک سروس کمشن کے علاقائی دفاتر قائم کرنے کی تجویز پیش کردی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبہ کے جنوبی اضلاع ، مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن کے امیدواروں کو سہولیات کی فراہمی اور سرکاری ملازمتوں تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد میں خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن (KPPSC) کے علاقائی دفاتر قائم کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔

پشاور۔ 20 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبہ کے جنوبی اضلاع ، مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن کے امیدواروں کو سہولیات کی فراہمی اور سرکاری ملازمتوں تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد میں خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن (KPPSC) کے علاقائی دفاتر قائم کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔

گورنر ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق گورنر کی جانب سے وزیر اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس وقت خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کا مرکزی دفتر صرف پشاور میں قائم ہے، جس کے باعث جنوبی، شمالی اور دور دراز علاقوں کے امیدواروں کو تحریری امتحانات، انٹرویوز اور دیگر مراحل کے لیے طویل سفر کرنا پڑتا ہے۔اس صورتحال سے امیدواروں پر سفری اور رہائشی اخراجات کا اضافی بوجھ پڑتا ہے، جبکہ خواتین اور دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔صوبے کی بڑھتی ہوئی آبادی اور سابق فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد عوامی سہولیات کو مزید مؤثر اور قابلِ رسائی بنانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اسی تناظر میں میری تجویز ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں جنوبی اضلاع، مالاکنڈ میں مالاکنڈ ڈویژن اور ایبٹ آباد میں ہزارہ ڈویژن کے امیدواروں کی سہولت کے لیے علاقائی دفاتر قائم کیے جائیں۔

گورنر نے تجویز دی ہے کہ اس منصوبے کو مرحلہ وار بنیادوں پر موجودہ سرکاری عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو استعمال کرتے ہوئے کم سے کم مالی اخراجات کے ساتھ عملی شکل دی جا سکتی ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقائی دفاتر کے قیام سے امیدواروں کی رسائی آسان ہوگی، صوبے کے تمام علاقوں کی مساوی نمائندگی کو فروغ ملے گا، شفافیت اور میرٹ پر مبنی نظام مزید مضبوط ہوگا، جبکہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات میسر آئیں گی۔گورنر نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ پنجاب اور سندھ میں پبلک سروس کمیشن کے علاقائی مراکز کے کامیاب ماڈل موجود ہیں۔ پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، ملتان، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، سرگودھا اور بہاولپور جبکہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں سہولت مراکز قائم ہیں، جن سے امیدواروں کو نمایاں آسانی حاصل ہوئی ہے۔

مزید خبریں