گورنر سندھ سے الیکشن کمیشن میں نئے تقرری پانے والے افسران کے وفد کی ملاقات

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے الیکشن کمیشن میں نئے تقرری پانے والے افسران کے وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی

کراچی۔ 28 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے الیکشن کمیشن میں نئے تقرری پانے والے افسران کے وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفد کی قیادت صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل جینڈر و سوشل انکلوژن نگہت صدیقی، فیکلٹی ممبران اور دیگر افسران وفد میں شامل تھے۔ملاقات کے دوران گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کا قیام ووٹ کی طاقت سے ممکن ہوا، 1946 کے انتخابات میں برصغیر کے مسلمانوں کی اکثریت نے پاکستان کے قیام کے حق میں ووٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی رائے اور جمہوری عمل معاشروں کی ترقی کی بنیاد ہیں۔ 18ویں صدی میں عوامی نمائندگی اور جمہوری طرزِ حکمرانی کے فروغ کے ساتھ دنیا میں علم، تحقیق اور مختلف شعبوں میں اہم ایجادات کا سلسلہ آگے بڑھا۔گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی سے جسے چاہیں ووٹ دیں، اس حقِ رائے دہی کا آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانب دارانہ تحفظ الیکشن کمیشن کے افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آگے بڑھنا ہے اور اس کی کنجی آپ جیسے ہونہار اور ذمہ دار افسران کے ہاتھوں میں ہے۔

الیکشن کمیشن کے افسران اپنے فرائض کی ادائیگی میں آئین، قانون، میرٹ اور عوام کی رائے کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو مضبوط اور مستحکم جمہوری نظام کی ضرورت ہے، جس کے لیے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن کے افسران اپنے فیصلے کسی دبائو یا ذاتی پسند و ناپسند کے بجائے آئین اور قانون کے مطابق کریں۔گورنر سندھ نے کہا کہ جب افسران ایمانداری، غیر جانب داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کریں گے تو نہ صرف جمہوری عمل مضبوط ہوگا بلکہ پاکستان مزید ترقی اور استحکام کی جانب بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کے جائز حقوق فراہم کرنا، ہر قسم کے تعصب سے بالاتر رہنا اور تمام شہریوں کے ساتھ مساوی سلوک کرنا الیکشن کمیشن کے افسران کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر قسم کے دبائو سے بالاتر ہو کر عوام کی رائے کا احترام کرنے سے نہ صرف افسران بلکہ پورے الیکشن کمیشن کے وقار اور اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔گورنر سندھ نے نئے تقرری پانے والے افسران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئین، قانون، میرٹ اور غیر جانب داری کے اصولوں کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور ملک میں جمہوری عمل کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

مزید خبریں