گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ سفارتی تعلقات باہمی احترام، مسلسل مکالمے اور مشترکہ مواقع پر استوار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، ٹیکنالوجی، تجارت اور نوجوانوں کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں
گورنر سندھ کا امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
کراچی۔ 25 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ سفارتی تعلقات باہمی احترام، مسلسل مکالمے اور مشترکہ مواقع پر استوار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، ٹیکنالوجی، تجارت اور نوجوانوں کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر منعقدہ Freedom 250 Receptionسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں امریکہ کے قونصل جنرل چارلس گڈمین، سپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ، سفارتی کور کے ڈین و عمان کے قونصل جنرل سفیر الخانجی، ریئر ایڈمرل خاور زمان، ذوالفقار علی شاہ، آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، سفارت کاروں اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔سید محمد نہال ہاشمی نے امریکی عوام کو 250ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 250سال محض ایک سالگرہ نہیں بلکہ نظریات، اداروں، جدوجہد اور تجدید کا طویل سفر ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی صرف ورثے میں ملنے والی چیز نہیں بلکہ ہر نسل کو اسے برقرار رکھنے اور آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تصور پاکستان کے لیے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ پاکستان بھی شناخت، وقار اور حقِ خود ارادیت کی تاریخی جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ 1947 میں پاکستان کے قیام کے بعد امریکہ نے نئی ریاست کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے اور کراچی دونوں ممالک کے ابتدائی سفارتی تعلقات کی تاریخ کا اہم حصہ رہا۔ پاکستان اور امریکہ نے پاکستان کی تقریبا پوری تاریخ کے دوران سفارتی سفر جاری رکھا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مسلسل قائم رہے ہیں۔انہوں نے کراچی کو پاکستان کا اہم بحری و تجارتی مرکز اور یونیورسٹی سٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی نوجوان نسل تیزی سے ڈیجیٹل دنیا سے جڑ رہی ہے۔ انہوں نے امریکہ کے ٹیکنالوجی کے سفر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، تخلیقی صلاحیت، کاروباری جذبہ اور مضبوط ادارے مل کر ترقی کے نئے راستے پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ اس کے نوجوان صرف جدید ٹیکنالوجی کے صارف نہ رہیں بلکہ سیکھنے، تخلیق کرنے، اختراع اور نئی تعمیر میں فعال کردار ادا کریں۔ امریکی جدت کو پاکستانی صلاحیتوں، امریکی جامعات کو پاکستانی طلبہ اور امریکی کاروباری مواقع کو پاکستانی کاروباری صلاحیتوں سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔
گورنر سندھ نے جان ایف کینیڈی کے تصورِ خدمت اور قائداعظم محمد علی جناح کے نوجوانوں کو قوم کے معمار قرار دینے کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک اور مختلف تاریخوں کے باوجود دونوں رہنمائوں کے پیغامات میں یہ مشترکہ تصور موجود ہے کہ قوموں کا مستقبل اس بات سے وابستہ ہوتا ہے کہ ان کے عوام ملک کی تعمیر و ترقی میں کتنا کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں قومی خدمت کا مطلب علم، تعلیم، تخلیقی صلاحیت اور ٹیکنالوجی میں اپنا کردار ادا کرنا بھی ہے۔ Freedom 250 ہمیں صرف ماضی کو یاد کرنے کا نہیں بلکہ مستقبل کا تصور کرنے کا بھی موقع فراہم کرتا ہے جبکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون علم، مواقع اور باہمی افہام و تفہیم کے نئے پل تعمیر کرسکتا ہے۔علاقائی اور عالمی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور دنیا میں امن و خوشحالی کے لیے کام کرنے والوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کے امن کے لیے کردار کے اعتراف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی قیادت نے مختلف مواقع پر پاکستان کی امن و استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا ہے، جبکہ گزشتہ روز بھی صدر ٹرمپ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے کردار کو سراہا۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، بشمول پاک فوج اور پاک بحریہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان انسانیت کی خدمت، امن اور خوشحالی کے لیے کوشش کرنے والے تمام فریقوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ گورنر سندھ نے پاکستان اور امریکہ کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔







