گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے مولانا عبدالخبیر آزاد سمیت علمائے کرام کے وفد کی ملاقات

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاوس لاہور میں چیئر مین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد سمیت مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا کہ دین اسلام محبت، بھائی چارے اور امن وسلامتی کا درس دیتا ہے نہ کہ توڑ پھوڑ …

لاہور۔16ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاوس لاہور میں چیئر مین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد سمیت مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا کہ دین اسلام محبت، بھائی چارے اور امن وسلامتی کا درس دیتا ہے نہ کہ توڑ پھوڑ اور احتجاج کی سیاست کا۔

انہوں نے کہا کہ علمائے کرام سمیت ہم سب کو چاہئے کہ ملک کی سالمیت کی خاطر ایک پیج پر کھڑے ہوں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے انتشار کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر ملک و قوم کی ترقی،خوشحالی اور استحکام کیے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی مفاد کو مقدم رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت کسی قسم کے احتجاج اور مظاہروں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت ملک کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کسی صوبے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی عوامی نمائندہ جماعت ہے اور اس نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔اس موقع پر علمائے کرام نے کہا کہ ہم کسی قسم کی احتجاجی سیاست اور توڑ پھوڑ کا حصہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے امن اور سلامتی کے حامی ہیں۔وفد کے ارکان نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہم کسی دھرنے اور احتجاج کے ساتھ نہیں ہیں۔