گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے عظیم قومی ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر)کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوالدار لالک جان نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے بہادری، فرض شناسی اور حب الوطنی کی ایسی لازوال مثال قائم کی
گورنر گلگت بلتستان کا حوالدار لالک جان (نشانِ حیدر) کے یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت

مزید خبریں
گلگت۔ 07 جولائی (اے پی پی):گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے عظیم قومی ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر)کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوالدار لالک جان نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے بہادری، فرض شناسی اور حب الوطنی کی ایسی لازوال مثال قائم کی جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ایک بیان میں گورنر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے اس عظیم سپوت نے کارگل کے محاذ پر غیر معمولی جرات، استقامت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور اسے پسپا ہونے پر مجبور کر دیا، ان کی بے مثال بہادری، جرات اور قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا، ان کی عظیم قربانی اور بہادری ہمیشہ ہماری قومی تاریخ کا روشن باب رہے گی۔ سید مہدی شاہ نے کہا کہ شہدا ہماری قوم کا قیمتی سرمایہ اور قومی وقار کی علامت ہیں، آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے متحد ہو کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حوالدار لالک جان شہید کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ہمیں ان کے جذبۂ حب الوطنی، جرات اور قربانی کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے








