اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):پاکستان نیوی، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) گڈانی کی جانب سے انٹیلی جنس پر مبنی انسدادِ منشیات کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں بلوچستان کے علاقے گڈانی کے قریب سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران 500 کلوگرام میتھم فیٹامین (آئس) اور 3,500 بوتلیں غیر ملکی شراب برآمد کی گئیں جن کا بین الاقوامی مارکیٹ میں …
گڈانی کے قریب سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی، تقریباً 37 ارب روپے مالیت کی 500 کلوگرام آئس اور غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد

مزید خبریں
اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):پاکستان نیوی، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) گڈانی کی جانب سے انٹیلی جنس پر مبنی انسدادِ منشیات کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں بلوچستان کے علاقے گڈانی کے قریب سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران 500 کلوگرام میتھم فیٹامین (آئس) اور 3,500 بوتلیں غیر ملکی شراب برآمد کی گئیں جن کا بین الاقوامی مارکیٹ میں تخمینہ 13کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر ہے جو کہ پاکستانی روپے میں تقریباً 37 ارب کے برابر بنتی ہے۔
ہفتہ کو ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ٹیم نے مربوط بحری کارروائیوں کے دوران ان غیر قانونی کھیپوں کو روک لیا۔ غیر ملکی شراب کو بین الاقوامی سمندری راستوں کے ذریعے پاکستان سمگل کیا جا رہا تھاجبکہ منشیات کی کھیپ ایک بین الاقوامی منزل کے لیے روانہ کی جا رہی تھی۔کامیاب روک تھام کے بعد قانونی تقاضوں کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) گڈانی نے ضبط کئے گئے اسمگل شدہ مال کو باضابطہ طور پر اپنی تحویل میں لے لیا۔
یہ کارروائی جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کے کوآرڈینیشن فریم ورک کے تحت انجام دی گئی جو کہ اداروں کے درمیان بہترین تعاون، مؤثر انٹیلی جنس شیئرنگ اور بروقت عملی کاروائی کی عکاس ہے۔انسدادِ منشیات کی یہ کامیاب کارروائی پاکستان نیوی، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور ایف بی آر کی کڑی نگرانی ، پیشہ ورانہ صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتی ہے تاکہ پاکستان کی سمندری حدود کو اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے بچایا جا سکے۔








