گھٹنے کی انجری، جیک ڈریپر فرنچ اوپن سے باہر، رینکنگ میں بڑی تنزلی کا خدشہ

انگلینڈ کے ٹینس سٹار جیک ڈریپر گھٹنے کی تکلیف کے باعث فرنچ اوپن سمیت کلے کورٹ سیزن کے بقیہ تمام مقابلوں سے باہر ہو گئے ہیں۔

لندن۔30اپریل (اے پی پی):انگلینڈ کے ٹینس سٹار جیک ڈریپر گھٹنے کی تکلیف کے باعث فرنچ اوپن سمیت کلے کورٹ سیزن کے بقیہ تمام مقابلوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق 24 سالہ جیک ڈریپر کو دائیں گھٹنے میں انجری کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے وہ رواں ماہ بارسلونا اوپن کے دوران بھی ریٹائر ہو گئے تھے۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں جیک ڈریپر نے بتایا کہ اگرچہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے، لیکن طبی ماہرین نے انہیں رواں سال کے دوسرے بڑے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں 5 سیٹس کے تھکا دینے والے مقابلے کھیلنے سے منع کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ جون میں گراس کورٹ سیزن تک مکمل فٹ ہو کر واپسی کریں گے۔جیک ڈریپر کے لیے سال 2025 کا آغاز انتہائی شاندار رہا تھا، جس میں انہوں نے انڈین ویلز میں اپنا پہلا ‘ماسٹرز 1000’ ٹائٹل جیتا اور عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر تک پہنچ گئے۔

تاہم، حالیہ انجری اور میڈرڈ و روم جیسے اہم ٹورنامنٹس سے دستبرداری کے باعث خدشہ ہے کہ وہ ٹاپ 100 کی فہرست سے باہر ہو جائیں گے۔ انجری کے باعث وہ رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن میں بھی ‘سیڈڈ’ کھلاڑی کے طور پر شرکت نہیں کر سکیں گے، جس کا مطلب ہے کہ انہیں ابتدائی راؤنڈز میں ہی کسی بڑے کھلاڑی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔برطانوی ٹینس کے لیے مزید پریشانی کی بات یہ ہے کہ انگلینڈ کی ہی ایما راڈوکانو اور سونے کارٹل بھی بیماری اور انجری کا شکار ہیں۔ جہاں سونے کارٹل کمر کی تکلیف کی وجہ سے کلے کورٹ سیزن سے باہر ہیں، وہیں ایما راڈوکانو وائرل بیماری سے صحت یاب ہو رہی ہیں اور ان کی فرنچ اوپن میں شرکت کا فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔واضح رہے کہ فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز24 مئی سے فرانس میں ہوگا۔

مزید خبریں