"محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمِ برسات کے دوران گھیاتوری کی فصل کو کیڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کریں تاکہ فصل کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔”
گھیاتوری کی فصل کو کیڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
سیالکوٹ۔31جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم برسات کے دوران گھیاتوری کی فصل کو کیڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کریں تاکہ فصل کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔
ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بعض علاقوں میں گھیاتوری کی فصل پر کیڑے مکوڑوں کے حملے کی ابتدائی علامات سامنے آ رہی ہیں، لہٰذا کاشتکار احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں تاکہ نقصان معاشی حد تک نہ پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ پودوں کو فوری طور پر اکھاڑ کر تلف کیا جائے اور ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے سفارش کردہ معیاری زرعی ادویات کا بروقت سپرے یقینی بنایا جائے۔ترجمان نے بتایا کہ پتوں کی لال بھونڈی گھیاتوری کے پتوں، شگوفوں اور پھولوں پر حملہ آور ہو کر انہیں کھا جاتی ہے، جس کے باعث فصل کی بڑھوتری اور پیداوار بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں اور کسی بھی قسم کے کیڑوں کے حملے یا بیماری کی صورت میں فوری طور پر محکمہ زراعت یا ماہرین زراعت سے رابطہ کریں تاکہ بروقت تدارک کے ذریعے فصل کو نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔








