ہارون اختر خان سے پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کی لاہور و گوجرانوالہ چیمبرز کے نومنتخب صدور کے ہمراہ ملاقات

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) اور گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جی سی سی آئی) کے نومنتخب صدور کے ہمراہ بدھ کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں صنعتی شعبے کو درپیش مسائل، چینی سرمایہ کاروں کے چیلنجز، چھوٹے اور درمیانے …

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) اور گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جی سی سی آئی) کے نومنتخب صدور کے ہمراہ بدھ کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں صنعتی شعبے کو درپیش مسائل، چینی سرمایہ کاروں کے چیلنجز، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے فروغ اور صنعتی ترقی کے آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمدشہباز شریف کی ہدایت کے مطابق حکومت صنعتی ترقی کی بحالی اور کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی انڈسٹریل پالیسی صنعتوں کو سہولت فراہم کرنے اور پیداواری شعبے کی طویل المدتی پائیداری کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن اور کاوشوں نے تمام سٹیک ہولڈرز اور اداروں کو معیشت کی بحالی کے مشترکہ ہدف کے لیے یکجا کر دیا ہے۔ہارون اختر خان نے ایس ایم ایز کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایس ایم ایز کے فروغ اور خواتین کے معاشی کردار کے استحکام میں خصوصی دلچسپی لی ہے۔

انہوں نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ وہ گوجرانوالہ کی ایس ایم ایز کے لیے فعال کردار ادا کرے اور ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنائے۔معاون خصوصی نے ملاقات کرنے والے وفد کو تمام صنعتوں کے مسائل کے حل کے لیے حکومت کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی اور لاہور و گوجرانوالہ چیمبرز آف کامرس کے نومنتخب صدور کو ان کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی۔

پاکستانی سفیرخلیل ہاشمی نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار تمام سرکاری ادارے، پالیسی ساز اور سرمایہ کار معاشی ترقی کے لیے ایک پیج پر ہیں۔ صدر گوجرانوالہ چیمبر نے اس موقع پر بتایا کہ گوجرانوالہ چھ ہزار سے زائد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کا مرکز ہے جو پاکستان کے صنعتی ڈھانچے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔