ہانگ کانگ میں مال بردار طیارہ رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا، 2 افراد ہلاک

ہانگ کانگ۔20اکتوبر (اے پی پی):ہانگ کانگ کے ہوائی اڈے پر کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر موجود ایک گاڑی سے ٹکرا کر سمندر میں جا گرا جس کے نتیجے میں گراؤنڈ عملے کے2 ارکان ہلاک ہو گئے۔ اردو نیوز کے مطابق ہانگ کانگ کے سول ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے بتایا ہے کہ یہ حادثہ پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 3 بج کر 50 …

ہانگ کانگ۔20اکتوبر (اے پی پی):ہانگ کانگ کے ہوائی اڈے پر کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر موجود ایک گاڑی سے ٹکرا کر سمندر میں جا گرا جس کے نتیجے میں گراؤنڈ عملے کے2 ارکان ہلاک ہو گئے۔

اردو نیوز کے مطابق ہانگ کانگ کے سول ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے بتایا ہے کہ یہ حادثہ پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 3 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا ۔ حکام نے بتایا کہ بوئنگ 744 کارگو طیارہ متحدہ عرب امارات سے ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا تھا جو مال برداری کے لحاظ سے دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔

طیارہ لینڈنگ کے بعد شمالی رن وے سے سمندر میں جا گرا ،حکام کے مطابق طیارہ رن وے پر موجود ایک گاڑی سے ٹکرا گیا جو بعد میں سمندر میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں موجود 30 سالہ شخص موقع پر ہی ہلاک جبکہ 41 سالہ شخص ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد دم توڑ گیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق طیارے کے عملے کے چاروں ارکان کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ 2 گراؤنڈ سٹاف کے ارکان حادثے کے باعث سمندر میں جا گرے۔

ہوائی اڈے کا شمالی رن وے پیر کوعارضی طور پر بند کر دیا گیا جبکہ باقی دو رن وے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس بیورو کے ترجمان نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن اتھارٹی حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔

گورنمنٹ فلائنگ سروس کے ہیلی کاپٹرز اور فائر سروسز ڈیپارٹمنٹ کی کشتیاں جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے رپورٹ کیا کہ پیر کو درجن بھر کارگو پروازیں منسوخ کر دی گئیں تاہم مسافر پروازیں متاثر نہیں ہوئیں۔

مزید خبریں