ہسپانوی گول کیپر انائی سیمون کا ورلڈ کپ میں 519 منٹ تک کوئی گول نہ کھانے کا نیا ریکارڈ

سپین کی ٹیم 23 ویں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے رائونڈ 32 میچ میں حریف آسڑیا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔

ٹورنٹو۔3جولائی (اے پی پی):سپین کی ٹیم 23 ویں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے رائونڈ 32 میچ میں حریف آسڑیا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق سپین کے گول کیپر انائی سیمون نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں طویل ترین وقت تک کوئی گول نہ کھانے کا 36 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ انہوں نے آسٹریا کے خلاف 0-3 کی فتح میں مسلسل چوتھی بار کوئی گول نہ کھا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ انائی سیمون نے گزشتہ دو ورلڈ کپ میچوں کے دوران مسلسل 519 منٹ تک اپنی ٹیم کے خلاف کوئی گول نہیں ہونے دیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ 1990 کے ورلڈ کپ میں اٹلی کے مشہور گول کیپر والٹر زینگا نے 517 منٹ تک کوئی گول نہ کھا کر قائم کیا تھا۔

29 سالہ ایتھلیٹک بلباؤ کے گول کیپر کی بدولت سپین نے موجودہ ورلڈ کپ میں اب تک ایک بھی گول نہیں کھایا ہے اور ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فونٹے نے ان کی اس تاریخی کارکردگی پر فخر کا اظہار کیا ہے۔ انائی سیمون نے اس میچ کے دوران دوسرے ہاف کے آغاز میں ہسپانوی گول کیپر ائیکر کاسیاس کا ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ دیر تک گول نہ کھانے کا ملکی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ ڈیوڈ رایا اور جوان گارسیا جیسے متبادل گول کیپرز کی موجودگی کے باوجود سیمون کوچ ڈی لا فونٹے کے پہلے انتخاب رہے ہیں جن کے ساتھ وہ 2015 سے منسلک ہیں۔ اس شاندار دفاعی کارکردگی کے ساتھ ہسپانوی ٹیم 16 سال میں پہلی بار ورلڈ کپ کا ناک آؤٹ میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہے اور اب راؤنڈ آف 16 میں اس کا مقابلہ پرتگال سے ہوگا۔