صوبائی محتسب سندھ کے ریجنل آفس لاڑکانہ کی جانب سے پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشی ایٹو سندھ، ریجنل آفس لاڑکانہ کے تعاون سے ”صحت کے اداروں میں خواتین کو ہراساں کرنے کی روک تھام“ کے عنوان سے آگاہی سیشن منعقد کیا گیا
ہسپتالوں اور کالجوں میں خواتین ملازمین کے لیے محفوظ باعزت ماحول یقینی بنایا جائے، ریجنل کنسلٹنٹ

مزید خبریں
لاڑکانہ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):صوبائی محتسب سندھ کے ریجنل آفس لاڑکانہ کی جانب سے پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشی ایٹو سندھ، ریجنل آفس لاڑکانہ کے تعاون سے ”صحت کے اداروں میں خواتین کو ہراساں کرنے کی روک تھام“ کے عنوان سے آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔سیشن کا مقصد ہسپتالوں میں کام کرنے والی خواتین ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور اسٹاف کے لیے محفوظ، باعزت اور پیشہ ورانہ ماحول یقینی بنانے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر صوبائی محتسب سندھ کے ریجنل کنسلٹنٹ سید شکیل حیدر نے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملے کو مریضوں اور ساتھیوں کے ساتھ روزانہ رابطے، ڈیوٹی کے دباؤ اور انتظامی ڈھانچے کے باعث مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے بالخصوص خواتین ملازمین کے لیے محفوظ ماحول انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جنسی ہراسانی صحت کے اداروں میں کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں ہے اور ملازمین کو اپنے قانونی حقوق، شکایت درج کرانے کے طریقہ کار اور تحفظ کے لیے موجود نظام کے بارے میں مکمل آگاہی ہونی چاہیے۔
انہوں نے Harassment Against Women at Workplace Act, 2010 کے تحت دستیاب قانونی تحفظ اور شکایات کے نظام کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی۔سید شکیل حیدر نے کہا کہ ہراسانی کے اثرات صرف کام کے ماحول تک محدود نہیں رہتے بلکہ متاثرہ خاتون کی نفسیاتی، پیشہ ورانہ، سماجی اور جسمانی صحت پر بھی اثرانداز ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے عملے پر زور دیا کہ شکایات کو رازداری کے ساتھ نمٹایا جائے اور متاثرہ ملازمین کو مناسب تعاون فراہم کیا جائے۔سیشن کے دوران شرکاء کو ہراسانی کے نفسیاتی اثرات کے بارے میں بتایا گیا جن میں بے چینی، خوف، شرمندگی، بے بسی، بے خوابی اور خود اعتمادی میں کمی شامل ہو سکتی ہے جبکہ پیشہ ورانہ سطح پر کام میں دلچسپی کم ہونے، ملازمت چھوڑنے یا کیریئر متاثر ہونے جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ جسمانی دباؤ کے باعث سر درد، تھکن اور بلڈ پریشر سمیت دیگر مسائل بھی سامنے آ سکتے ہیں۔سیشن میں ڈاکٹر ذوہیب اسلام عباسی، ریجنل ڈائریکٹر لاڑکانہ جنید احمد سوہو، ڈسٹرکٹ مینیجر طفیل احمد واہوچو، معراج احمد سامٹیو، انفارمیشن آفیسر سمیت دیگر افسران اور عملے نے شرکت کی۔
شرکاء نے سیشن کو معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی آگاہی سرگرمیاں کام کی جگہ پر ہراسانی کی روک تھام اور خواتین ملازمین کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔سیشن کے اختتام پر شرکاء نے خواتین کے لیے ہراسانی سے پاک، محفوظ اور باعزت کام کی جگہ کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔







