ہلال احمر پاکستان کا باجوڑ میں جاری انسانی امدادی سرگرمیوں کے حوالہ سے میڈیا انگیجمنٹ سیشن کا انعقاد

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان نے نارویجین ریڈ کراس اور یورپی یونین کے تعاون سے باجوڑ میں جاری انسانی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے نیشنل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں میڈیا انگیجمنٹ سیشن کا انعقاد کیا۔سیشن کا مقصد جاری منصوبوں اور متاثرہ کمیونٹیز کو فراہم کی جانے والی امداد سے متعلق میڈیا کو آگاہ کرنا تھا۔ تقریب میں پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا نمائندگان کے علاوہ سماجی کارکنوں …

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان نے نارویجین ریڈ کراس اور یورپی یونین کے تعاون سے باجوڑ میں جاری انسانی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے نیشنل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں میڈیا انگیجمنٹ سیشن کا انعقاد کیا۔سیشن کا مقصد جاری منصوبوں اور متاثرہ کمیونٹیز کو فراہم کی جانے والی امداد سے متعلق میڈیا کو آگاہ کرنا تھا۔ تقریب میں پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا نمائندگان کے علاوہ سماجی کارکنوں اور ہلال احمر پاکستان کے افسران نے شرکت کی۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈیا ریحان علی نے باجوڑ کی صورتحال اور شراکت دار اداروں کے تعاون سے جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہنگامی امداد، موبائل ہیلتھ ٹیموں کے ذریعے طبی سہولیات، صاف پانی کی فراہمی، حفظانِ صحت سے متعلق آگاہی، خاندانی روابط کی بحالی، نفسیاتی معاونت اور نقد مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔نارویجین ریڈ کراس کے پروگرام کوآرڈینیٹر عماد یوسف نے بھی جاری منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا شیر زمان نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان انسانیت، غیر جانبداری، خودمختاری اور رضاکارانہ خدمات کے اصولوں کے تحت کام کر رہا ہے اور بلاامتیاز ضرورت مند افراد تک امداد کی فراہمی اس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ موومنٹ، آئی ایف آر سی اور آئی سی آر سی کے دائرہ کار اور سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی۔

میڈیا نمائندگان کو مستفید ہونے والے خاندانوں کی تعداد اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ سوالات کے جوابات بھی دیئے گئے۔تقریب کے اختتام پر سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان محمد عبید اللہ خان نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے متاثرہ کمیونٹیز کے مسائل اجاگر ہوتے ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں بہتری لانے میں مدد ملتی ہے۔