اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے نوجوانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے عوام میں کورونا وائرس سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے متحرک کردار ادا کریں، قوم نظم وضبط کا مظاہرہ کرے اور گھبرانے کی بجائے حکومت کے ساتھ تعاون کرے، اجتماعی کوششوں …
ہماری سماجی ذمہ داری ہے کہ خود بھی وباء سے بچیں اور دوسروں کو بھی اس سے محفوظ رکھیں، شفقت محمود

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے نوجوانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے عوام میں کورونا وائرس سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے متحرک کردار ادا کریں، قوم نظم وضبط کا مظاہرہ کرے اور گھبرانے کی بجائے حکومت کے ساتھ تعاون کرے، اجتماعی کوششوں سے ہم مہلک وباء پر قابو پا لیں گے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کا شکار افراد کو قرنطینہ میں بھیجنے اور ان کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنا رہی ہے، حکومت کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ شفقت محمود نے کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے والے افراد کو ٹیسٹ کی سہولیات مہیا کرنے اور ٹیسٹنگ کی گنجائش بڑھانے پر حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس وباء سے بچائو کا واحد راستہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہے، اس وقت نوجوانوں کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک سے اس مہلک وائرس کے خاتمے کیلئے اپنے رشتہ داروں اور ہمسائیوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کورونا وائرس پھیلنے کے تناظر میں تحقیق کیلئے ملک کی بڑی یونیورسٹیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس عالمی مسئلہ ہے، امید ہے کہ ہم اس وباء کو علاج تلاش کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ شفقت محمود نے کہا کہ ہمارے مذہب نے بھی کسی بھی وباء پھوٹنے کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا سبق دیا ہے، یہ ہماری سماجی ذمہ داری ہے کہ خود بھی وباء سے بچیں اور دوسروں کو بھی اس سے محفوظ رکھیں۔








