کوپن ہیگن۔23دسمبر (اے پی پی):ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹ فریڈرکسن نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ کے لیے خصوصی ایلچی کی تقرری پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہمارے اتحادی ہمیں مشکل صورتحال میں ڈال رہے ہیں۔سی جی ٹی این کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں میٹ فریڈرکسن نے کہا کہ گرین لینڈ فروخت نہیں کیا جائے گا اور اس کے مستقبل کا فیصلہ …
ہمارے اتحادی ہمیں مشکل صورتحال میں ڈال رہے ہیں، ڈنمارک کی وزیر اعظم کا گرین لینڈ کے لیے امریکی خصوصی ایلچی کی تقرری پر ردعمل
کوپن ہیگن۔23دسمبر (اے پی پی):ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹ فریڈرکسن نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ کے لیے خصوصی ایلچی کی تقرری پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہمارے اتحادی ہمیں مشکل صورتحال میں ڈال رہے ہیں۔سی جی ٹی این کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں میٹ فریڈرکسن نے کہا کہ گرین لینڈ فروخت نہیں کیا جائے گا اور اس کے مستقبل کا فیصلہ اس کے باشندے کریں گے۔
انہوں نے اور گرین لینڈ کے وزیر اعظم جینس فریڈرک نیلسن نے مشترکہ طور پر ایک بیان پر دستخط کیے ہیں جس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ڈنمارک کی علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے گا۔ یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا ہے کہ آرکٹک سکیورٹی یورپی یونین کی اولین ترجیح ہے، علاقائی سالمیت اور خودمختاری بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصول ہیں اور یورپی یونین مضبوطی سے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو اہم معدنی وسائل کے لیے نہیں بلکہ قومی سلامتی کے لیے گرین لینڈ کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 21 دسمبر کو امریکی ریاست لوزیانا کے گورنر جیف لینڈری کی گرین لینڈ کے لیے امریکی خصوصی ایلچی کے طور پر تقرری کا اعلان کیا تھا۔ جیف لینڈری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ وہ گرین لینڈ کو امریکا کا حصہ بنانے کے لیے کام کریں گے۔








