ہنگری ، دو مختلف ٹریفک حادثات میں 8 غیر ملکی شہری ہلاک ، دو زخمی

ہنگری کے شمال مغربی شہر گیور کے قریب ایم ون موٹروے پر جمعہ کی صبح پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات میں آٹھ غیر ملکی شہری ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

بڈاپسٹ۔12جون (اے پی پی):ہنگری کے شمال مغربی شہر گیور کے قریب ایم ون موٹروے پر جمعہ کی صبح پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات میں آٹھ غیر ملکی شہری ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق گیور-موشون-شوپرون کاؤنٹی پولیس نے بتایا کہ آسٹریا کی سرحد کے قریب واقع ہنگری کے قصبے ہیگیش ہالوم جانے والی موٹروے پر ٹرک سڑک کی مرمت کرنے والی مشین سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی اور اس کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔پہلے حادثے کے باعث پیدا ہونے والی ٹریفک جام کے کچھ ہی دیر بعد نو افراد کو لے جانے والی ایک منی بس رکےہوئے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ پولیس کے مطابق منی بس میں سوار سات افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دو زخمی ہوئے۔واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کے دوران موٹروے کو دونوں اطراف سے بند کر دیا اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کر دیا۔ہنگری کے وزیر اعظم پیٹر ماگیار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر حادثات میں ہلاک ہونے والے آٹھ غیر ملکی شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔