ہنگری کے نئے وزیر اعظم بھی اچھا کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہنگری میں اپنے اور اسرائیل کے پرانے کٹر حامی وکٹر اربان کی الیکشن میں شکست کے بعد نئے منتخب ہونے والے وزیراعظم پیٹر میئر کے بارے میں اچھی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے

واشنگٹن ۔17اپریل (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہنگری میں اپنے اور اسرائیل کے پرانے کٹر حامی وکٹر اربان کی الیکشن میں شکست کے بعد نئے منتخب ہونے والے وزیراعظم پیٹر میئر کے بارے میں اچھی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا آنے والا وزیر اعظم اچھا کام کرے گا۔ ٹرمپ نے ان خیالات کا اظہار ‘اے بی سی’ نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ نیا آدمی بھی صحیح کام کرے گا۔ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیا منتخب لیڈر بھی اسی پارٹی سے تعلق رکھنے والا رہا ہے جس سے وکٹر اربان کا تعلق تھا۔ اس لیے انہیں یقین ہے کہ نئے لیڈر کے خیالات میں بھی اربان سے فرق نہیں ہوگا اور وہ امیگریشن کے بارے میں وہی خیالات رکھیں گے جو وکٹر اربان کے تھے۔امریکی صدر نے اس سوال پر کہ اگر وہ جے ڈی وینس کی جگہ خود ہنگری جا کر وکٹر اربان کی حمایت کرتے تو کیا اس سے نتائج مختلف ہو سکتے تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ کیا نتیجہ نکلتا۔ لیکن جے ڈی وینس کو اربان کی حمایت کے لیے بھیجنے کے پیچھے میں ہی تھا۔ میں اس معاملے میں شامل تھا کیونکہ وکٹر ایک اچھا آدمی ہے۔