یمن کے صوبے مارب میں حوثی حملے، کم از کم 10 افراد جاں بحق

یمن کے تیل سے مالا مال صوبے مارب میں حوثی باغیوں کے حملوں میں اضافے کے بعد کم از کم 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

صنعاء۔8اگست (اے پی پی):یمن کے تیل سے مالا مال صوبے مارب میں حوثی باغیوں کے حملوں میں اضافے کے بعد کم از کم 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق حوثیوں کے تازہ حملوں میں سرکاری فورسز کے آٹھ اہلکار جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے وزیر صحت کے مطابق مارب شہر میں رہائشی علاقوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر گولہ باری کے نتیجے میں دو شہری جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے ہیں۔حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے صوبہ مارب میں سرکاری فوج کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا ہے۔یہ حملے اس واقعے کے ایک روز بعد ہوئے ہیں جب مارب میں حوثیوں کے میزائل حملوں میں سرکاری فورسز کے کم از کم 58 اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے درمیان 2022 میں ہونے والی جنگ بندی گزشتہ ماہ ختم ہو گئی تھی۔یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرنڈ برگ نے خبردار کیا ہے کہ ملک کو اپریل 2022 میں جنگ بندی کے بعد کے کسی بھی وقت کے مقابلے میں اب دوبارہ بڑے پیمانے پر جنگ شروع ہونے کا زیادہ خطرہ ہے۔