یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ کو فائدے کے بجائے زیادہ نقصان ہوا، وزیراعظم اینڈی برنہم

برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے بعد گزشتہ دس برسوں کے دوران برطانیہ کو فوائد کے مقابلے میں زیادہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور موجودہ صورتحال ملکی معیشت اور قومی مفادات کے لیے موزوں نہیں۔

لندن ۔17نومبر (اے پی پی):برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے بعد گزشتہ دس برسوں کے دوران برطانیہ کو فوائد کے مقابلے میں زیادہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور موجودہ صورتحال ملکی معیشت اور قومی مفادات کے لیے موزوں نہیں۔

شِنہوا کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے پیر کو لارڈ میئر کی ضیافت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2016ء میں بریگزٹ ریفرنڈم کے بعد سے اب تک برطانیہ نے جو کچھ حاصل کیا ہے، اس سے کہیں زیادہ کھویا ہے۔انہوں نے برطانوی دفتر برائے بجٹ ذمہ داری (او بی آر) کے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے باعث برطانوی معیشت کو مجموعی طور پر تقریباً 4 فیصد نقصان پہنچا ہے، جبکہ بعض دیگر تخمینوں کے مطابق یہ نقصان مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 8 فیصد تک ہے۔

اینڈی برنہم نے بریگزٹ کو عالمی سطح پر تنہائی پسندی اور تجارتی تحفظ پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان کا پہلا اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دہائی قبل جو مسائل پیدا ہوئے تھے، وہ آج بھی برقرار ہیں۔خارجہ پالیسی سے متعلق خطاب میں انہوں نے سابق برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل کے اس مؤقف کا حوالہ بھی دیا کہ برطانیہ کی قومی طاقت کا ایک اہم ذریعہ متحدہ یورپ کے ساتھ اس کے تعلقات تھے۔

انہوں نے خارجہ پالیسی میں تین بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کے ساتھ تعلقات کا ازسرنو جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ انہیں موجودہ معاشی اور سکیورٹی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔واضح رہے کہ جون 2016ء میں ہونے والے بریگزٹ ریفرنڈم میں تقریباً 52 فیصد ووٹروں نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا، جبکہ برطانیہ نے 2020ء میں باضابطہ طور پر یورپی یونین چھوڑ دی تھی۔