یورپی یونین کی انسانی حقوق کی کمیٹی کشمیر کی صورتحال پر خصوصی اجلاس طلب کرے گی

یورپی یونین کی انسانی حقوق کی کمیٹی کشمیر کی صورتحال پر خصوصی اجلاس طلب کرے گی ،اس بات کا فیصلہ وزیراعظم آزادکشمیر کی جانب سے یورپی یونین کی انسانی حقوق کے سربراہ اور ممبران سے ملاقاتوں کے بعد چیئرمین کمیٹی نے کیا
برسلز ۔ 11 نومبر (اے پی پی) کشمیریوں کوبین الاقوامی سطح پر بڑی کامیابی مل گئی۔ یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی کمیٹی کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خصوصی سماعت کا اعلان۔ وزیراعظم آزادجموں وکشمیر کی کامیاب سفارتکاری کی بدولت کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اسے اٹھایا جائیگا اس بات کا فیصلہ وزیراعظم آزادکشمیر کی جانب سے یورپی یونین کی انسانی حقوق کے سربراہ اور ممبران سے ملاقاتوں کے بعد چیئرمین کمیٹی نے کیا۔انسانی حقوق کمیٹی کشمیر کی صورتحال پر خصوصی اجلاس طلب کرے گی جس میں مقبوضہ کشمیر کے حالات کا گہری نظر سے جائزہ لینا اور انسانی حقوق کی بحالی ہے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارت نصف صدی سے کشمیر کے مسلمانوں کو مسلسل ظلم ، جبر و بربریت سے دبا کر رکھنا چاہتا ہے مگر وہ اس میں بار بار اس وجہ سے ناکام ہو جاتا ہے کیونکہ کشمیریوں کے دلوں پر حکومت کی جاسکتی ہے اور نہ ہی روح پر۔انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھاری ہتھیاروں کے استعمال کا یورپی یونین فوری طور پر نوٹس لے مقبوضہ کشمیر میں تو زندگی اجیرن بنا ہی دی گئی تھی آزادکشمیر کے دس لاکھ لوگوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔