یورپی یونین کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں 37.3 فیصداضافہ

State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):یورپی یونین کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 37.3 فیصداضافہ ہواہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے نومبرتک کی مدت میں یورپی یونین میں شامل ممالک جرمنی، فرانس، ہالینڈ، سپین، اٹلی، یونان، سویڈن،ڈنمارک، آئرلینڈ اوربیلجئیم میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 1.024 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاجو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 37.3 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں یورپی یونین میں شامل ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی ورکروں نے 745.7 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق نومبر2020 میں یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 219.30 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ سال نومبرمیں یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 141.2 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 230.3 ملین ڈالر، جرمنی، سپین اورفرانس میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے بالترتیب 158.7 ، 158.4 اور158 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاہے۔ موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کیلئے ترغیبات اورسہولیات کی فراہمی کے باعث ترسیلات زرکے حجم میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ جاری مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں سمندرپارپاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں مجموعی طورپر26.9 فیصد کااضافہ ہواہے۔