اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں دسمبر کے دوران سالانہ بنیادوں پر 19فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2023 میں یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 285 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا جودسمبر 2022 کے مقابلہ میں 19 فیصد زیادہ ہے۔ دسمبر 2022 یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 240 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ نومبر کے مقابلہ میں دسمبر میں یورپی یونین سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 6 فیصد کی نمو ہوئی۔
نومبر میں یورپی یونین ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 269 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو دسمبرمیں بڑھ کر 285 ملین ڈالر ہو گیا۔ جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں یورپی یونین کے ممالک سے مجموعی ترسیلات زر کا حجم 1.695 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 8 فیصد زیادہ ہے ۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یورپی یونین کے ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 1.616 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔