یومِ آزادی کے سلسلے میں پنجاب سول سیکرٹریٹ کے پنجاب آرکائیوز میوزیم میں تاریخی و نادر دستاویزات، نایاب نوادرات اور تصاویر پر مشتمل ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے، جس کا باضابطہ افتتاح چیف سیکرٹری پنجاب نے کیا۔
یومِ آزادی کی مناسبت سےپنجاب سول سیکرٹریٹ میں تاریخی و نادر دستاویزات و نوادرات کی نمائش کا آغاز

مزید خبریں
لاہور۔5اگست (اے پی پی):یومِ آزادی کے سلسلے میں پنجاب سول سیکرٹریٹ کے پنجاب آرکائیوز میوزیم میں تاریخی و نادر دستاویزات، نایاب نوادرات اور تصاویر پر مشتمل ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے، جس کا باضابطہ افتتاح چیف سیکرٹری پنجاب نے کیا۔سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے پنجاب آرکائیوز اینڈ لائبریریز ونگ کے زیرِ اہتمام منعقد کی جانے والی یہ خصوصی نمائش 14 اگست تک عوام، شائقینِ تاریخ اور محققین کے لیے کھلی رہے گی۔ اس نمائش میں مغلیہ، سکھ اور برطانوی عہدو حکومت سے متعلق انتہائی نایاب اور تاریخی دستاویزات کے ساتھ ساتھ طلائی و نقرئی سکے، قدیم اشرفیاں، تاریخی کرنسی، عسکری تاریخ کے آلاتِ حرب اور شاہی مہریں خصوصی طور پر پیش کی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں پنجاب آرکائیوز کے محفوظ ذخیرے سے لیتھو گراف پر مبنی نیچر تصاویر بھی نمائش کی زینت بنائی گئی ہیں جو شائقین اور محققین کی گہری دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔افتتاحی تقریب کے موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر اعلی صوبائی افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے نمائش میں رکھے گئے شاہکاروں کا تفصیلی معائنہ کیا اور ملکی و علاقائی تاریخ کو محفوظ بنانے کے اس اقدام کو سراہا۔








