یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کی خصوصی آگاہی مہم، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

خیبرپختونخوا حکومت کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے یومِ استحصالِ کشمیرکے موقع پرجموں و کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا

پشاور۔ 05 اگست (اے پی پی):خیبرپختونخوا حکومت کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے یومِ استحصالِ کشمیرکے موقع پرجموں و کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔تر جمان ڈیر ہ اسماعیل خان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس سلسلے میں ضلع بھر کے اہم چوراہوں، مرکزی شاہراہوں، سرکاری عمارتوں اور دیگر عوامی مقامات پر کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کے خصوصی بینرز آویزاں کیے گئے جبکہ کشمیری پرچم بھی لہرا کر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر شہریوں کو یومِ استحصالِ کشمیر کی اہمیت اور جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس مہم کا مقصد عالمی برادری کی توجہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی جانب مبذول کرانا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔

انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔ضلعی انتظامیہ کے حکام نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں 5 اگست 2019 کے ان یکطرفہ اقدامات کی یاد دلاتا ہے جن کے ذریعے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو تبدیل کیا گیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے۔شہریوں نے بھی ضلعی انتظامیہ کی اس آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہر پاکستانی کی قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے اور ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

 

مزید خبریں