یومِ دفاع پاکستان قومی اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے 1965 کی جنگ کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش دن ہے۔

حیدرآباد۔ 06 ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے 1965 کی جنگ کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش دن ہے۔

شازیہ مری نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہا کہ یومِ دفاع ہمیں پاک سرزمین کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ 1965 کے شہدا اور غازیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے جبکہ افواجِ پاکستان اور قوم نے 6 ستمبر کو اتحاد، عزم اور بہادری کی لازوال مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ شہدا وطن کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور وطن کے دفاع و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی عظمت کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت، آئین اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے۔

یومِ دفاع کا پیغام ہے کہ قومی اتحاد اور یکجہتی ہی پاکستان کی مضبوطی کی بنیاد ہے۔ شہدا کے مشن کو آگے بڑھانا اور پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ شازیہ مری نے شہدا ، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے۔