پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستان کی قومی خودمختاری، دفاعی استحکام اور قومی عزم کی روشن علامت ہے جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
یوم تکبیر پاکستان کی قومی خودمختاری، دفاعی استحکام اور قومی عزم کی روشن علامت ہے ،شازیہ رضوان
راولپنڈی۔5جون (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستان کی قومی خودمختاری، دفاعی استحکام اور قومی عزم کی روشن علامت ہے جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے مزدور یونین اور پاسبان وطن فاؤنڈیشن کے نائب صدر چوہدری محمد نیاز کی رہائش گاہ پر یوم تکبیر کے موقع پر منعقدہ کیک کٹنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار دن ہے جب ملک نے کامیاب ایٹمی دھماکوں کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیت کا لوہا منوایا اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ تقریب میں مقررین نے یوم تکبیر کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے قومی سلامتی کے لیے خدمات انجام دینے والے قائدین اور شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شرکا نے ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے قومی اتحاد و یکجہتی کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے یوم تکبیر کا کیک کاٹا اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔









