اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی)نے یونٹی فوڈز لمیٹڈ کے شیئرز میں غیر معمولی ٹریڈنگ کی جاری تحقیقات میں چار افراد کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے حتمی نوٹس جاری کر دیے ۔بدھ کے روز سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حتمی نوٹس محمد فرخ، صفدر سجاد، فہمیدہ امین اور حنا صفدر کو جاری کیے گئے ہیں اور …
یونٹی فوڈز کے شیئرز میں غیر معمولی ٹریڈنگ کی تحقیقات، ایس ای سی پی کے چار افراد کو حتمی نوٹسز جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی)نے یونٹی فوڈز لمیٹڈ کے شیئرز میں غیر معمولی ٹریڈنگ کی جاری تحقیقات میں چار افراد کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے حتمی نوٹس جاری کر دیے ۔بدھ کے روز سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حتمی نوٹس محمد فرخ، صفدر سجاد، فہمیدہ امین اور حنا صفدر کو جاری کیے گئے ہیں اور انہیں 3 ستمبر 2026 کو ایس ای سی پی کے کراچی دفتر میں تحقیقاتی ٹیم کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ان افراد کو اس سے قبل 31 اگست کو طلب کیا گیا تھا، تاہم نوٹسز کے مطابق وہ نہ تو پیش ہوئے اور نہ ہی نئی تاریخ کی درخواست کی۔ ایس ای سی پی نے 2 جون 2026 کو سکیورٹیز ایکٹ 2015 کی دفعہ 139 کے تحت یونٹی فوڈز کے شیئرز میں غیر معمولی ٹریڈنگ کی باضابطہ تحقیقات شروع کی تھیں۔تحقیقات میں متعلقہ افراد کی یونٹی فوڈز کے شیئرز میں ٹریڈنگ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
محمد فرخ کو خصوصاً یونٹی فوڈز کے شیئرز بینکوں کے پاس گروی رکھنے سے متعلق وضاحت اور معاون ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ صفدر سجاد، فہمیدہ امین اور حنا صفدر سے یونٹی فوڈز کے شیئرز میں ان کی ٹریڈنگ سے متعلق بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔ایس ای سی پی غیر معمولی ٹریڈنگ اور متعلقہ لین دین کا جائزہ لے رہا ہے تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا سکیورٹیز قوانین کی کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے۔چاروں افراد کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیشی کے موقع پر متعلقہ دستاویزات اور ٹریڈنگ ریکارڈ بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔








