اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف )نے غزہ پٹی میں دو واٹر ٹرک ڈرائیورز کی ہلاکت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
یونیسف کا غزہ میں دو واٹر ٹرک ڈرائیورز کی ہلاکت پر شدید ردعمل
اقوام متحدہ ۔18اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف )نے غزہ پٹی میں دو واٹر ٹرک ڈرائیورز کی ہلاکت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔شنہوا کے مطابق غزہ میں واقع منصورہ واٹر فلنگ پوائنٹ میں پیش آیا، جہاں پانی کی ترسیل کے معمول کے آپریشن کے دوران اسرائیلی فائرنگ سے دو ڈرائیور ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ادارے نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈرائیورز یونیسف کے تحت معاہدے کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی پر مامور تھے، جو جنگ سے متاثرہ شہریوں، خصوصاً بچوں تک پانی پہنچانے کا اہم ذریعہ تھے۔
یونیسف کے مطابق اس واقعے کے بعد متعلقہ مقام پر پانی کی فراہمی کے آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں، جبکہ عالمی انسانی قوانین کے تحت شہریوں اور انسانی ہمدردی کے عملے کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی امدادی کارکنوں، بنیادی خدمات فراہم کرنے والوں اور پانی جیسے اہم انفراسٹرکچر کو کسی صورت نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ادارے نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرائے، کیونکہ یہ اقدامات بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔









