یونیورسٹی آف سرگودھا ، بی ایس ٹیکسٹائل ڈیزائن کے تھیسز پر مبنی نمائش کا آغاز

یونیورسٹی آف سرگودھا میں انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام بی ایس ٹیکسٹائل ڈیزائن کے تھیسز پر مبنی نمائش کا آغاز ہو گیا جس میں سال آخر کے طلبانے تخلیقی صلاحیتوں اورفنی مہارتوں کا منفرد اظہار پیش کیا۔

سرگودھا ۔19 جون (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام بی ایس ٹیکسٹائل ڈیزائن کے تھیسز پر مبنی نمائش کا آغاز ہو گیا جس میں سال آخر کے طلبانے تخلیقی صلاحیتوں اورفنی مہارتوں کا منفرد اظہار پیش کیا۔نمائش میں38طلبہ کے تھیسز پیش کیے گئے ہیں جن میں جدید ٹیکسٹائل انڈسٹری کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیزائن، ٹیکسٹائل پرنٹنگ، ویونگ، کشیدہ کاری، اپلیک ورک اور دیگر تخلیقی مصنوعات شامل ہیں۔نمائش کا اہتمام ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن مریم سیف اور ان کی ٹیم نے کیا جبکہ طلبہ کی رہنمائی ٹیکس ٹائل فیکلٹی کے اساتذہ نے کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن یونیورسٹی آف سرگودھا مریم سیف نے طلبہ کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی نمائشیں نوجوان تخلیق کاروں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور عملی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تخلیقی تعلیم اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط ہی ہنر مند افرادی قوت کی تیاری میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

نمائش میں ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ کاروباری شخصیات، ڈیزائنرز، ماہرین تعلیم اور مختلف فنی و پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکانے طلبہ کے کام کو سراہتے ہوئے اسے پیشہ ورانہ معیار سے ہم آہنگ قرار دیا اور طلبہ کو ٹیکسٹائل شعبے میں موجود مواقع سے بھی آگاہ کیا۔