یو ایم ٹی میں پہلی بین الاقوامی کانفرنس برائے زبان اور بین الشعبہ جاتی تحقیق کا انعقاد

لاہور۔20جنوری (اے پی پی):یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں پہلی بین الاقوامی کانفرنس برائے زبان اور بین الشعبہ جاتی تحقیق کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی و بین الاقوامی سکالرز، ریسرچرز اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بین الاقوامی کولیقوئم میں مختلف موضوعات پر تحقیقی مقالات پیش کیے گئے۔کانفرنس میں وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ریکٹر …

لاہور۔20جنوری (اے پی پی):یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں پہلی بین الاقوامی کانفرنس برائے زبان اور بین الشعبہ جاتی تحقیق کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی و بین الاقوامی سکالرز، ریسرچرز اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بین الاقوامی کولیقوئم میں مختلف موضوعات پر تحقیقی مقالات پیش کیے گئے۔کانفرنس میں وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ریکٹر یو ایم ٹی ایئر وائس مارشل (ر) ڈاکٹر آصف رضا، ایم پی اے عامر عنایت اور ڈین سکول آف لبرل آرٹس ڈاکٹر نادیہ انور بھی تقریب میں شریک تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے کہا کہ یو ایم ٹی تعلیم اور تحقیق کے نئے رجحانات کے فروغ کے لیے کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں نوجوانوں کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ زبان تمام علمی اور تحقیقی شعبوں میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اے آئی اور تحقیق کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کریں۔

ڈین سکول آف لبرل آرٹس ڈاکٹر نادیہ انور نے کہا کہ زبان، تعلیم اور بین الشعبہ جاتی تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ علم کو معاشرتی ترقی سے جوڑا جا سکے۔وزیرِ تعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومتِ پنجاب سرکاری سکولوں میں اردو، پنجابی سمیت دیگر علاقائی زبانیں بھی پڑھا رہی ہے۔

انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ اے آئی جیسے جدید ٹولز کا استعمال انتہائی احتیاط اور ذمہ داری سے کریں۔رانا سکندر حیات نے بتایا کہ ہونہار سکالرشپس بلا تفریق سرکاری و نجی جامعات کے طلبہ کو دی جا رہی ہیں اور حکومت اعلی تعلیم تک رسائی کے فروغ کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جلد سرکاری اور نجی جامعات کے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ پورٹل کھول دیا جائے گا۔صوبائی وزیرِ تعلیم نے یو ایم ٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یو ایم ٹی اعلی تعلیم اور تحقیق کے میدان میں بہترین کام کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب اور یو ایم ٹی کے اشتراک سے اب تک چار ارب روپے کی سکالرشپس فراہم کی جا چکی ہیں جبکہ یو ایم ٹی ہر سال اپنے طلبہ کو چالیس کروڑ روپے مالیت کی سکالرشپس فراہم کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔