ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے ای چالان نادہندگان کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صوبہ بھر میں یکم جولائی سے ای چالان کی عدم ادائیگی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیوں کا آغاز کیا جائے گا
یکم جولائی سے ای چالان کی عدم ادائیگی پر قانونی کارروائی ہو گی،محمد وقاص نذیر

مزید خبریں
لاہور۔23جون (اے پی پی):ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے ای چالان نادہندگان کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صوبہ بھر میں یکم جولائی سے ای چالان کی عدم ادائیگی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیوں کا آغاز کیا جائے گا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ٹریفک پولیس کی "ون ایپ” کے ذریعے موقع پر ہی ای چالان کی تصدیق کی جا رہی ہے، جبکہ صوبہ پنجاب میں ای چالان نادہندگان سے ریکوری کے عمل کو بھی اسی نظام کے ذریعے مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ای چالان کی تفصیلات سے حاصل کریں اور آن لائن فراڈ یا جعل ساز عناصر سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب سیف سٹیز ای چالان کی ادائیگی کے لیے کسی قسم کا آن لائن لنک ارسال نہیں کرتا، لہذا شہری صرف سرکاری ذرائع سے ہی معلومات اور تصدیق حاصل کریں۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ شہری اپنے ای چالان کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قانون شکن عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور سڑکوں پر نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی محفوظ سفر کی ضمانت ہے اور تمام شہریوں کو ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔








