10 مئی پاکستانی عسکری تاریخ کا یادگار دن ہے،عبدالعلیم خان کا فیلڈ مارشل اورفورسز کی قیادت کو خراج تحسین

10 مئی پاکستانی عسکری تاریخ کا یادگار دن ہے،عبدالعلیم خان کا فیلڈ مارشل اورفورسز کی قیادت کو خراج تحسین

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):معرکہ حق بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونے پر وفاقی وزیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) عبدالعلیم خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر اورفورسز کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، 10مئی پاکستانی عسکری تاریخ کا یاد گار دن، ہر ہیرو کو سلام۔

اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں وفاقی وزیر نے ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو، چیف آف نیول سٹاف نوید اشرف کو بھی داد شجاعت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ شاہینوں نے دشمن کے گھر میں گھس کرجو دھاک بٹھائی پوری دنیا اس کی معترف ہے،پاک فضائیہ، بری و بحری فوج کے جوانوں نے معرکہ حق میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ فضاؤں پہ حکمرانی صرف اور صرف سینوں پر سبز ہلالی پرچم سجانے والوں کی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے رافئیل سمیت 8 طیارے گرا کر اس کا غرور خاک میں ملایا۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال آپریشن بنیان مرصوص اوررواں سال بیمثال سفارتکاری سے یادرگار بن چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عہد گھٹی میں شامل ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ دشمن کو سبق سکھانے کیلئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ”پہلگام واقعہ”اور بھارتی فالس فلیگ آپریشن سندور دنیا بھر میں مذاق بن چکا ہے،بھارت کا من گھڑت، جھوٹ پر مبنی بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا۔ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان آج بھی اس جھوٹے ومن گھڑت بیانیہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہاہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی کے جنگی جنون اور امن مخالف سوچ نے خطے کا امن برباد کیا ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاک افواج کے حملوں سے بھارت بین الاقوامی ثالثی کی بھیک مانگنے پر مجبور ہو گیا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا شہداء کو خراج عقیدت، غازیوں کو سلام شجاعت پیش کرتے ہیں۔

مزید خبریں