ریاض۔12نومبر (اے پی پی):پرتگال کے مایہ ناز فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اعلان کیا ہے کہ 2026کا فٹبال ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا جبکہ وہ ایک یا دو سال کے اندر مکمل طور پر فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔العربیہ اردو کے مطابق رونالڈو نے ریاض میں منعقدہ عالمی سیاحت و سرمایہ کاری کانفرنس سے وڈیو کال کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ …
2026 کا ورلڈکپ آخری عالمی ایونٹ ہوگا، دو سال میں فٹبال کو الوداع کہہ دوں گا، رونالڈو کا ریٹائرمنٹ کا عندیہ
ریاض۔12نومبر (اے پی پی):پرتگال کے مایہ ناز فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اعلان کیا ہے کہ 2026کا فٹبال ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا جبکہ وہ ایک یا دو سال کے اندر مکمل طور پر فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔العربیہ اردو کے مطابق رونالڈو نے ریاض میں منعقدہ عالمی سیاحت و سرمایہ کاری کانفرنس سے وڈیو کال کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فٹبال کے اپنے سفر کے آخری مرحلے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میرے لیےجلدکا مطلب دس سال نہیں ہے، میں مذاق کر رہا ہوں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ایک یا دو سال کے اندر میں کھیل کو خیرباد کہوں گا۔ میں خود کو بہترین فٹ محسوس کر رہا ہوں، گول کر رہا ہوں اور اب بھی تیز اور توانائی سے بھرپور ہوں۔
قومی ٹیم کے ساتھ کھیلنا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔رونالڈو نے تسلیم کیا کہ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والا 2026 کا ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری بڑا ایونٹ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ یقیناً یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا، کیونکہ اس وقت میری عمر 41 سال ہوگی۔ میں نے اپنی زندگی کے 25 سال فٹبال کے لیے وقف کیے، ریکارڈ قائم کیے، اعزازات جیتے اور اپنی کارکردگی پر فخر محسوس کرتا ہوں، اب وقت ہے کہ لمحے کو جیا جائے اور اس سے لطف اندوز ہوا جائے۔ایک سوال کے جواب میں رونالڈو نے اپنے بیٹے کرسٹیانو جونیئر کے حوالے سے کہا کہ اگر وہ ان سے بہتر کھلاڑی بن جائے تو یہ ان کے لیے فخر کی بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ انسان فطری طور پر نہیں چاہتا کہ کوئی اس سے بہتر ہو، لیکن میں چاہتا ہوں کہ میرے بچے مجھ سے بہتر ہوں۔ میں اپنے بیٹے پر کوئی دباؤ نہیں ڈالنا چاہتا۔ میری خواہش ہے کہ وہ خوش رہے، چاہے فٹبال کھیلے یا کوئی اور کھیل، بس مطمئن زندگی گزارے۔ نئی نسل کا سوچنے اور جینے کا انداز مختلف ہے اور بطور والد میرا کام ہے کہ میں اس کی رہنمائی کروں۔
رونالڈو نے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز 2002میں سپورٹنگ لشبونہ سے کیا اور اب تک کلبوں اور قومی ٹیم کے ساتھ 950 سے زائد گول کر چکے ہیں۔انہوں نے رواں سال جون میں سعودی کلب النصر کے ساتھ اپنا معاہدہ 2027 تک بڑھایا۔









