سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ، وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):اسلام آباد۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کہہ رہی ہیں کہ رابطے ہوئے ہیں تو بتائیں کہ کس کس سے ہوئے ہیں۔گزشتہ حکومتوں نے ملک کی معیشت کو تبا ہ کیاتھا اور گلگت بلتستان …

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):اسلام آباد۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کہہ رہی ہیں کہ رابطے ہوئے ہیں تو بتائیں کہ کس کس سے ہوئے ہیں۔گزشتہ حکومتوں نے ملک کی معیشت کو تبا ہ کیاتھا اور گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا ہے، یہ لوگ سب کچھ بھول رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کل نوازشریف کے بیانیے پر خود کش حملہ کیا گیا اور نواز شریف کا ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دفن ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے گلگت بلتستان کے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی الیکشن میں بری طرح شکست کھا جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے زیر قیادت ملک معشیت کی ترقی کے راستے پرگامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازکا سیاسی بیان حقائق پر مبنی نہیں ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو عوام میں بیانات دینے میں ان سے کہیں زیادہ محتاط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح اشارہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو آئندہ انتخابات میں گلگت بلتستان میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس کی پارٹی کا نعرہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو بھی دفن کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ گلگت بلتستان میں لوگوں کی ترقی اور خدمت کے لئے کام نہیںکرے گا اور نہ ماضی میں اس خطے کے لئے کچھ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کو ترجیح دی ہے اور کبھی بھی ذاتی مفاد کو سیاست میں دخل اندازی نہیں کرنے دی۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کو متنبہ کیا کہ حکومت ان کو معاف نہیں کرے گی جب تک کہ وہ لوٹا ہوا عوام کا پیسہ واپس نہیں کریں گے،میں حزب اختلاف کی جماعتوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ جو بھی کرنا چاہتے ہیں وہ کریں ، متحد ہو جائیں یا کچھ اورہم آپ کومعاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کے باعث ماضی میں قومی اداروں کی ساکھ کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔علی محمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ کرپٹ عناصر کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا۔انہوں نے گلگت بلتستان کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان تحریک انصاف پارٹی کو ووٹ دیں اور تحریک انصاف کی جیت کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کسی بھی عوامی مسئلے پر بحث کرنا چاہتی ہے تو انہیں پارلیمنٹ فورم میں تبادلہ خیال کرنا چاہئے۔انہوں نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ وقار احمد سیٹھ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔