35 ویں نیشنل گیمز میں مرد اور خواتین ہینڈ بال مقابلے، پاکستان واپڈا اور پاکستان آرمی کا پلڑا بھاری

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):35 ویں نیشنل گیمز میں مرد اور خواتین ہینڈ بال کے مقابلوں میں پاکستان واپڈا اور پاکستان آرمی کا پلڑا بھاری رہا۔ایونٹ کا افتتاح سی ای او میڈی کیم ظفر باری نے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی محمد سعید آرائیں، سیکرٹری عائشہ رزاق، پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سندھ محمد طفیل کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی …

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):35 ویں نیشنل گیمز میں مرد اور خواتین ہینڈ بال کے مقابلوں میں پاکستان واپڈا اور پاکستان آرمی کا پلڑا بھاری رہا۔ایونٹ کا افتتاح سی ای او میڈی کیم ظفر باری نے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی محمد سعید آرائیں، سیکرٹری عائشہ رزاق، پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سندھ محمد طفیل کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

ایونٹ کے افتتاحی روز مردوں کے مقابلوں پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی اور پنجاب کی ٹیموں کو برتری حاصل رہی جبکہ خواتین کے مقابلوں میں پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں نے کامیابی حاصل کی۔منی سپورٹس کمپلیکس ناظم آباد کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ میں مردوں کے مقابلوں کے پہلے میچ میں پاکستان واپڈا نے پاکستان پولیس کو 15-33 گول سے، دوسرے میچ میں پاکستان آرمی نے سندھ کو 0-54 گول سے اور تیسرے میچ میں پنجاب نے بلوچستان کو 14ـ29 گول سے ہرا دیا۔

خواتین کے مقابلوں میں پہلے میچ میں پاکستان واپڈا نے پاکستان پولیس کو 7-31 گول سے ہرا دیا، دوسرے میچ میں خیبر پختونخوا نے گلگت کو 0-27 گول سے اور تیسرے میچ میں پاکستان آرمی نے سندھ کو 2-32 گول سے ہرایا۔ ایونٹ میں مردوں کی آٹھ اور خواتین کی سات ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو دو، دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔

مردوں کے گروپ اے پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان جبکہ گروپ بی میں پاکستان آرمی، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کی ٹیمیں شامل ہیں۔خواتین کے گروپ اے میں پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر جبکہ گروپ بی میں پاکستان آرمی، خیبرپختونخوا اور سندھ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ایونٹ کوآرڈینیٹر کے فرائض طاہر حمید انجام دے رہے ہیں۔ ایونٹ کے فائنل مقابلے 12 دسمبر تک جاری رہیں گے۔