35 ہزار سے زائد عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے، مکہ اور مدینہ میں 948 خدام الحجاج اور ویلفیئرسٹاف تعینات
35 ہزار سے زائد عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے، مکہ اور مدینہ میں 948 خدام الحجاج اور ویلفیئرسٹاف تعینات

مزید خبریں
خرم شہزاد
مکہ مکرمہ۔5مئی (اے پی پی):پاکستان سے سرکاری حج سکیم کے تحت حج آپریشن 2026ء تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے جس میں اب تک 35,135 حجاج کرام سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ اس آپریشن کو منظم بنانے اور حجاج کی خدمت کے لئے اب تک 948 خدام الحجاج اور ویلفیئر سٹاف کو مختلف سٹیشنز پر تعینات کر دیا گیا ہے جو حجاج کو ایئرپورٹس سے لے کر رہائش گاہوں تک سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔کوآرڈنیٹیر فیسیلی ٹیشن اینڈ کوآرڈنیشن ناصر عزیز خان کے مطابق اب تک پاکستان سے کل 137 پروازیں حج مشن کا حصہ بن چکی ہیں۔
اس وقت 21,063 حجاج مکہ مکرمہ میں اور 14,072 حجاج مدینہ منورہ میں مقیم ہیں۔عازمین کی سہولت کے لئے ویلفیئر عملے کی تعیناتی مکمل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر تعینات ہونے والے عملے میں 598 معاونین، 184 طبی عملہ اور 158 خدام (ایس ڈی ایس ) شامل ہیں۔ ناصر عزیز خان کے مطابق مکہ اور مدینہ میں حجاج کی مدد کے لئے یہ عملہ شفٹوں میں 24 گھنٹے الرٹ ہے۔
یومیہ صورتحال رپورٹ میں بتایا گیا کہ مکہ اور مدینہ کے ہسپتالوں میں اب تک 6,613 بیرونی مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔مکہ مکرمہ میں 6,525 حجاج کو راستوں کی تلاش میں مدد دی گئی جبکہ مدینہ منورہ میں 15,462 حجاج نے ریاض الجنہ کی زیارت مکمل کی۔مدینہ منورہ میں گمشدہ سامان کی موصول ہونے والی 2,832 درخواستوں میں سے 2,815 کو حل کر کے سامان حجاج کے حوالے کر دیا گیا ہے۔کوآرڈینیٹر فیسیلیٹیشن اینڈ فیلسیٹشن ناصر عزیز خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حجاجِ کرام کو بہترین سفری اور رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ وہ مناسکِ حج کی ادائیگی پر بھرپور توجہ دے سکیں۔








