اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):کوآرڈینیٹر وزیراعظم پاکستان برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران شبیر احمد عثمانی نے کہا ہے کہ 5 جنوری کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے عزم کی علامت دن ہے، یہ دن اقوام متحدہ کی اس تاریخی قرارداد کی یاد دہانی کراتا ہے جس میں کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کے آزادانہ فیصلے کا حق دیا گیا تھا، مگر بدقسمتی سے یہ وعدہ آج تک پورا …
5 جنوری کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے عزم کی علامت دن ہے، شبیر احمد عثمانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):کوآرڈینیٹر وزیراعظم پاکستان برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران شبیر احمد عثمانی نے کہا ہے کہ 5 جنوری کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے عزم کی علامت دن ہے، یہ دن اقوام متحدہ کی اس تاریخی قرارداد کی یاد دہانی کراتا ہے جس میں کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کے آزادانہ فیصلے کا حق دیا گیا تھا، مگر بدقسمتی سے یہ وعدہ آج تک پورا نہیں کیا گیا۔پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جس کا حل طاقت یا جبر میں نہیں بلکہ کشمیری عوام کی آزاد مرضی کے احترام میں ہے۔
بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے جن میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، غیر قانونی گرفتاریاں اور شہری آزادیوں پر قدغنیں شامل ہیں۔شبیر احمد عثمانی نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان کا موقف اصولی، واضح اور مستقل ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے، بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حق خودارادیت دلانے میں موثر کردار ادا کرے۔ 5 جنوری ہمیں یاد دلاتا ہے کہ انصاف میں تاخیر، انصاف سے انکار کے مترادف ہے اور کشمیری عوام کا حق اب مزید موخر نہیں کیا جا سکتا۔








