9 مئی کے واقعات محض اتفاق نہیں بلکہ ایک منظم اور سوچی سمجھی سازش تھے جن کے ذریعے پاکستان کی سلامتی اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا گیا،وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی

راولپنڈی۔13دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات محض اتفاق نہیں بلکہ ایک منظم اور سوچی سمجھی سازش تھے جن کے ذریعے پاکستان کی سلامتی اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ایوب نیشنل پارک میں منعقدہ تین روزہ فوڈ فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر خطاب …

راولپنڈی۔13دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات محض اتفاق نہیں بلکہ ایک منظم اور سوچی سمجھی سازش تھے جن کے ذریعے پاکستان کی سلامتی اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ایوب نیشنل پارک میں منعقدہ تین روزہ فوڈ فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیمبر نہ صرف کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے فعال ہے بلکہ عوامی، ثقافتی اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے فوڈ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر چیمبر کے صدر، سینئر وائس پریذیڈنٹ، وائس پریذیڈنٹس اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ٹیکسوں میں کمی، انرجی بحران اور بجلی کے نرخوں جیسے اہم مسائل پر راولپنڈی چیمبر کا مؤثر اور متحرک کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر بزنس کمیونٹی کے تحفظ اور ملکی معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فوڈ فیسٹیول کا مکمل کریڈٹ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کو جاتا ہے جو ہر سال مثبت، تعمیری اور عوام دوست سرگرمیوں کا انعقاد کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فوڈ فیسٹیول پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور یہ سرگرمیاں نہ صرف ملک کے اندر بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے بارے میں مثبت پیغام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سفارتکار فوڈ فیسٹیول میں شرکت کے بعد پاکستان کا مثبت تاثر اپنے اپنے ممالک میں لے کر جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو صرف دہشت گردی سے جوڑنا درست نہیں بلکہ دنیا کو ہماری ثقافت، روایات، مہمان نوازی اور مثبت پہلوؤں سے بھی روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں حنیف عباسی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا بیانیہ ملکی مفاد، قومی سلامتی اور ریاستی اداروں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی ہوس میں ملک کی سالمیت کو داؤ پر لگایا گیا اور 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کی توڑ پھوڑ، کور کمانڈر ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملے کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہی سازش تھی جس کی دشمن ہمیشہ خواہش رکھتا تھا اور جو اندرونی و بیرونی ملی بھگت سے عملی شکل اختیار کر گئی، جس کے ثبوت، فون کالز اور منصوبہ بندی سب ریکارڈ پر موجود ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ چیف آف دیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے دس گنا بڑے دشمن کو تاریخی شکست دی جسے پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج دنیا بھر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں اور قوم اپنی افواج پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مضبوط ریاستی ادارے ایک بار پھر اپنی طاقت ثابت کر چکے ہیں اور تمام سہولت کار قانون کی گرفت میں آ رہے ہیں۔

حنیف عباسی نے ریلوے کے شعبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ورک کے ذریعے اس شعبے میں بھی بہتری لائی جا رہی ہے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ایوب نیشنل پارک میں جاری فوڈ فیسٹیول میں شہریوں کی بڑی تعداد، بالخصوص فیملیز، بلا خوف و خطر شرکت کر رہی ہیں جبکہ مختلف اسٹالز، روایتی کھانے اور تفریحی سرگرمیاں عوام کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

مزید خبریں