نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ، قانون و انصاف و پارلیمانی امور بیرسٹرسید علی ظفر کی نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 6 جون (اے پی پی) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ‘ قانون و انصاف و پارلیمانی امور بیرسٹرسید علی ظفر نے کہا ہے کہ صاف، شفاف ، بروقت اور پرامن انتخابات کرانا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے، ”سیفٹی اینڈ سیکورٹی“ پرامن انتخابات کا اہم جزو ہے‘ عام انتخابات میں حصہ لینے والے سیاسی قائدین کی سیکورٹی اولین ترجیح ہے، اس معاملہ پر کسی قسم کی …

اسلام آباد ۔ 6 جون (اے پی پی) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ‘ قانون و انصاف و پارلیمانی امور بیرسٹرسید علی ظفر نے کہا ہے کہ صاف، شفاف ، بروقت اور پرامن انتخابات کرانا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے، ”سیفٹی اینڈ سیکورٹی“ پرامن انتخابات کا اہم جزو ہے‘ عام انتخابات میں حصہ لینے والے سیاسی قائدین کی سیکورٹی اولین ترجیح ہے، اس معاملہ پر کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہوگی ، حکومت پوری طرح کام کر رہی ہے‘ ملک میں عام انتخابات 25 جولائی ہی کو ہونگے،الیکشن کمیشن مکمل آزادی کے ساتھ اپنا کام کررہا ہے، ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کرینگے‘ پانی عوام کا بنیادی حق ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میں اپنا کام ملکی آئین و قانون کے مطابق کروں گا، گزشتہ وزارت اطلاعات کی کارکردگی پر بات بھی نہیں کروں گا کیونکہ یہ میری ذمہ داری نہیں، انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم ناصر الملک نے تمام کام صاف و شفاف انداز میں کرنے کی ہدایت کی ہے، فی الحال نگراں حکومت کا اشتہارات دینے کا بھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آزادانہ و منصفانہ اور شفاف عام انتخابات کا بروقت انعقاد نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جائے گا ۔ میں دنیا بھر میں کہیں بھی صحافیوں پر ہونے والے تشدد یا اغوا کی شدید مذمت کرتا ہوں، جوبھی کل پرسوں ہوا یا ماضی میں ہوتا رہا اس پر مجھے نہایت افسوس ہے لیکن اس بات کی سمجھ نہیں آتی کہ ہم سے پہلے جو حکومتیں رہی ہیں وہ اس بات کی تہہ تک کیوں نہیں پہنچیں کہ ایسا کیوں ہوتا ہے اور کون اس کا ذمہ دار ہے، انہوں نے کہا کہ کل پرسوں ہونے والا ایسا واقعہ چونکہ ہماری نگراں حکومت کے دور میں آیا ہے اس لیے ہم اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں ، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔