اسلام آباد ۔ 25 جون (اے پی پی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات،قانون،انصاف وپارلیمانی امور بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ الیکشن التواءکا کوئی خدشہ نہیں ہے عام انتخابات کا انعقاد 25جولائی کو ہی ہو گا، صاف ،شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا، یورپی یونین ،ایشیاءریجن سمیت عالمی مبصرین کو طریقہ کار کے مطابق اجازت دی جائے گی، فاٹا انضمام کے بعدسہولیات فراہم …
نگران وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات،قانون،انصاف وپارلیمانی امور بیرسٹر سید علی ظفر کی صحافیوں سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 25 جون (اے پی پی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات،قانون،انصاف وپارلیمانی امور بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ الیکشن التواءکا کوئی خدشہ نہیں ہے عام انتخابات کا انعقاد 25جولائی کو ہی ہو گا، صاف ،شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا، یورپی یونین ،ایشیاءریجن سمیت عالمی مبصرین کو طریقہ کار کے مطابق اجازت دی جائے گی، فاٹا انضمام کے بعدسہولیات فراہم کرنے کے لئے کمیٹی کام کر رہی ہے، تمام سٹیک ہولڈرز سے بات چیت ہوگی ،آئین کے مطابق فاٹا میں ایم این ایز کے الیکشن عام انتخابات کے ساتھ ہی جبکہ صوبائی اسمبلی کے لئے الیکشن کا انعقاد ایک سال کے اندر ہوگا ،الیکشن کمیشن کے رولز کے تحت جس بھی حلقہ میں الیکشن کے دوران خواتین کا ٹرن آﺅٹ مقررہ شرح سے کم ہوگا وہاں پرالیکشن کمیشن دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے سکتا ہے ۔وہ پیر کو ”پی این سی اے“ میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر بیرسٹر سیدعلی ظفر نے کہا کہ جہموریت کے استحکام کے لئے میڈیا کا اہم کر دار ہے ،ملک میں صاف ،شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے تمام اداروں کا کلیدی کردار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے صاف ،شفاف الیکشن کو یقینی بنانے کے لئے وفاق اور چاروں صوبوں کی بیوروکریسی میں تبدیلیاں کیں ہیں، جہاں پر بھی خدشہ ہو کہ افسران انتخابات پر اثر انداز ہورہے ہیں یا کسی امیدوار کی مدد یا مخالفت کررہے ہیں یا وہ کسی بھی طرح جانبدار بن رہے ہیں تو ان اس حوالے سے شکایات پر حکومت فوری ایکشن لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن ہی قومی مفاد میں ہے اسکے لئے حکومت ہر سطح پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔









