،پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر محمود کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اے پی پی) پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر محمود نے کہا ہے کہ نیب کی پوری پراسیکیوشن ٹیم اور قیادت بالخصوص چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جن کی ولولہ انگیز قیادت میں احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کے ملزموں کو سزا سنائی ہے، قوم کی لوٹی ہوئی دولت ہر صورت واپس لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں …

اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اے پی پی) پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر محمود نے کہا ہے کہ نیب کی پوری پراسیکیوشن ٹیم اور قیادت بالخصوص چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جن کی ولولہ انگیز قیادت میں احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کے ملزموں کو سزا سنائی ہے، قوم کی لوٹی ہوئی دولت ہر صورت واپس لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو احتساب عدالت نمبر ایک اسلام آباد کی جانب سے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو سزا سنائے جانے کے بعد احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت نمبر ایک کے فیصلہ سے ثابت ہو گیا ہے کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس لندن کے مہنگے علاقہ میں ہیں جو کرپشن سے بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تین ریفرنسز میں سے ایک ریفرنس میں محمد نواز شریف کو 10 سال قید اور 8 ملین پاﺅنڈ جرمانہ، مریم نواز کو سات سال قید بامشقت اور 2 ملین پاﺅنڈ جرمانہ اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلیگ شپ اور ہل میٹلز ریفرنس کیس بھی حتمی مراحل میں ہیں، ان کا بھی فیصلہ جلد متوقع ہے۔ سردار مظفر محمود نے کہا کہ احتساب عدالت کے فیصلہ سے ثابت ہو چکا ہے کہ ایون فیلڈ کے اثاثے قوم سے چھپائے گئے اور بدعنوانی سے بنائے گئے جسے استغاثہ نے عدالت میں ثابت کیا ہے اور وکیل صفائی کو دفاع کا مکمل موقع فراہم کیا گیا لیکن وہ اپنے دفاع میں دلائل پیش نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پراسیکیوشن ٹیم کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیصلہ کی ڈکٹیشن کے حوالہ سے میڈیا پر جو قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں انہیں زائل کرنے کیلئے احتساب عدالت کے جج محمدبشیر نے فیصلہ کی دستاویزات کو حتمی شکل دینے کیلئے متعلقہ فریقین کے سامنے کارروائی کی۔ اس حوالہ سے قیاس آرائیاں حقیقت پر مبنی نہیں۔

مزید خبریں