اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما و سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہمارے قائد محمد نواز شریف بار ہا مرتبہ ایسے ہی فیصلے کی توقع کا اظہار بھی کر چکے تھے، جب انسان کا مقصد عوامی خدمت اور بالادستی ہو تو پھر اس طرح کے کڑے دن کے لیے وہ ہمیشہ تیار رہتے ہیں لیکن …
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما و سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما و سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہمارے قائد محمد نواز شریف بار ہا مرتبہ ایسے ہی فیصلے کی توقع کا اظہار بھی کر چکے تھے، جب انسان کا مقصد عوامی خدمت اور بالادستی ہو تو پھر اس طرح کے کڑے دن کے لیے وہ ہمیشہ تیار رہتے ہیں لیکن پھر بھی محمد نواز شریف نے یہی راستہ چنا کیونکہ وہ عوامی خدمت اور بالادستی پر ہی یقین رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف پاکستان اس لیے آ رہے ہیں کیونکہ پاکستان کو ان کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت اہم موڑ پر کھڑا ہے اور یہ فیصلہ محمد نواز شریف کے لیے کوئی نیا نہیں، ہمیں اسی طرح کے فیصلے کی توقع تھی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں اور نہ ہی پراسیکیوشن کے پاس کرپشن کا کوئی ثبوت ہے، فیصلے میں بھی یہی کہا گیا کہ عمومی طور پر لگتا ہے کہ اثاثے محمد نواز شریف کے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصلہ یہ خود کہہ رہا ہے کہ ان کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم سڑکوں پر نہیں نکلیں گے کیونکہ ہماری جماعت کے صدر محمد شہباز شریف نے ہمیں کہا ہے کہ پرامن احتجاج کریں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کا سیاسی پناہ کا کوئی ارادہ نہیں اور یہ بات انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں بھی کہی کہ سیاسی پناہ تو وہ لیتے ہیں جو آئین کو ردی کی ٹوکری میں پھینکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف گرفتاری کے لیے تیار ہیں کیونکہ انہیں گرفتاری سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ فیصلے کے خلاف اپیل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وکلاءسے مشاورت ہو رہی ہے۔








