نگران وزیر خارجہ امور عبداﷲ حسین ہارون سے ایران کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات

نگران وزیر خارجہ امور عبداﷲ حسین ہارون سے ایران کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات پاکستان خطہ میں امن اور استحکام کو یقینی بنا نے کے لئے ایران اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے، عبداﷲ حسین ہارون اسلام آباد ۔ 16 جولائی (اے پی پی) نگران وزیر خارجہ امور …

نگران وزیر خارجہ امور عبداﷲ حسین ہارون سے ایران کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات
پاکستان خطہ میں امن اور استحکام کو یقینی بنا نے کے لئے ایران اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے، عبداﷲ حسین ہارون

اسلام آباد ۔ 16 جولائی (اے پی پی) نگران وزیر خارجہ امور عبداﷲ حسین ہارون نے کہا ہے کہ پاکستان خطہ میں امن اور استحکام کو یقینی بنا نے کے لئے ایران اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے ۔ انہوں نے یہ بات پیر کو اسلامی جمہوریہ ایران کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری کے دورہ پاکستان کے موقع پر کہی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق نگران وزیر خارجہ امور عبداﷲ حسین ہارون سے اسلامی جمہوریہ ایران کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ان سے پیر کو یہاں ملاقات کی ہے۔ ایران کے چیف آف جنرل سٹاف اور وفد کا استقبال کرتے ہوئے نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مذہبی، سماجی اور ثقافتی تعلقات انتہائی مستحکم ہیں اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات گذشتہ چند سال کے دوران مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ایران کی قیادت کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ اس موقع پر فریقین نے افغانستان میں امن و استحکام سمیت خطہ کے حوالہ سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے تجارت، باہمی رابطوں کے فروغ، ثقافتی تعلقات اور لوگوں کے لوگوں سے رابطوں کے فروغ اور استحکام میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ان تعلقات میں مزید اضافہ کے مواقع موجود ہیں۔ عبداﷲ حسین ہارون نے میجر جنرل محمد باقری کو پاکستان میں آئندہ انتخابات کے حوالہ سے بتایا اور کہا کہ حکومت ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی خواہشمند ہے۔ جنرل باقری نے ایرانی قیادت اور ایران کے عوام کی جانب سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے حوالہ سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات سے پاکستان ایک مستحکم قیادت کی سربراہی میں ترقی کے نئے دور میں داخل ہو گا۔ انہوں نے جامع مشترکہ پلان آف ایکشن (جے سی پی او اے) کے مو¿قف پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔