وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سیّد علی ظفر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سیّد علی ظفر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے‘ الیکشن 2018ءبروقت ہو رہے ہیں اب ہم نے سیکورٹی اور سیفٹی پر توجہ دینی ہے‘، سیکورٹی اور سیاست کو الگ ہونا چاہئے، عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، تمام سیاسی جماعتوں کے …

اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سیّد علی ظفر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے‘ الیکشن 2018ءبروقت ہو رہے ہیں اب ہم نے سیکورٹی اور سیفٹی پر توجہ دینی ہے‘، سیکورٹی اور سیاست کو الگ ہونا چاہئے، عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا جس پر عمل ہورہا ہے، صاف شفاف، غیر جانبدارانہ انتخابات کیلئے نگران حکومت الیکشن کمیشن کو مکمل معاونت فراہم کرے گی، الیکشن کمیشن کو آئینی و قانونی طاقت حاصل ہے، الیکشن کمیشن انتخابات 2018ءکی تیاریوں اور اداروں کی خدمات سمیت تمام امور کو حتمی شکل دے رہا ہے۔ وہ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر سید علی ظفر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے الیکشن 2018ءکیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے ہیں، حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے،سکیورٹی امور کے لئے پاک فوج سے مدد مانگی گئی ہے، پا ک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکورٹی فورسز ملکرخدمات سرانجام دیں گی،الیکشن کمیشن کی جانب سے حساس اور حساس ترین قرار دیئے گئے پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردی کے خطرات ہیں الیکشن کیلئے سیکورٹی اداروں کا تعاون ناگزیر ہو گا، ضرورت کی بنیاد پر الیکشن کمیشن کی درخواست پر پا ک فوج کو سیکورٹی امور کے لئے بلایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت سیاسی سرگرمیوں کا حصہ بننے سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان کے طے شدہ کوڈ آف کنڈیکٹ کے مطابق بروقت انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسز اطلاع دیں تاکہ بہتر سیکورٹی انتظام ہو سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیکٹا کا قیام قومی ایکشن پلان کے تحت عمل میں آیا، نیکٹا بہتر کام کر رہا ہے، اسے مزید مضبوط اور فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتیں یہی چاہتی ہیں کہ پاکستان میں الیکشن نہ ہوں، ہم نے سیکورٹی اداروں سے مل کر ان قوتوں کو شکست دینی ہے، تمام سیاسی جماعتیں اور عوام بھرپور انداز میں الیکشن مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018ءبروقت ہو رہے ہیں، اب ہم نے سیکورٹی اور سیفٹی پر توجہ دینی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ الیکشن کمیشن بروقت چاروں صوبوں میں انتخابات کی تیاریاں کو مکمل کر لے گا، الیکشن کمیشن آف پاکستان بلوچستان میں الیکشن تیاریوں کے حوالے سے صوبائی حکومت سے رابطے میں ہے ،جلد تمام امور مکمل ہوجائیں گے ،الیکشن کمیشن کو وفاق سے جو بھی معاونت درکار ہو گی وہ پوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ کیلئے 2013ءکے الیکشن سے قبل پٹیشن دائر ہوئی تھی اس الیکشن سے پہلے بھی اس پر کوششیں کی گئیں لیکن اوورسیز کے ووٹ کے حوالہ سے نظام نہ ہونے کے باعث اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب جیل مینوئل کے مطابق جیل انتظامیہ جیل مینوئل سے کم یا زیادہ سہولیات نہیں دے سکتیں۔

مزید خبریں