وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد کی ملاقات

75

اسلام آباد ۔ 9ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے اتوار کو ملاقات کی اور انہیں وزرات عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر سعودی قیادت کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر اطلاعات نے پاکستان کی عوام اور حکومت کے ساتھ سعودی قیادت کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے نیک تمناﺅں پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہیں پائیدار، وسیع البنیاد اور جامع شراکت داری پر مبنی قرار دیا۔ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے دوطرفہ تعاون کے لئے مختلف شعبہ جات میں مزید پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سعودی عوام اور پرائیویٹ شعبہ کو پاکستان میں پٹرولیم، لائیوسٹاک، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔