وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی انفارمیشن گروپ کے افسران سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 10ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے انفارمیشن گروپ کے افسران نے پیر کو ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بیانیے کی جنگ جیتنے کے لیے انفارمیشن سروسز گروپ کو مزید مضبوط اور موثر بنانے کی ضرورت ہے، روایتی جنگ کا دور گزرگیا، عصرحاضر میں دلیل اور منطق کا بیانیہ ہی کارگر ثابت ہوتا …

اسلام آباد ۔ 10ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے انفارمیشن گروپ کے افسران نے پیر کو ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بیانیے کی جنگ جیتنے کے لیے انفارمیشن سروسز گروپ کو مزید مضبوط اور موثر بنانے کی ضرورت ہے، روایتی جنگ کا دور گزرگیا، عصرحاضر میں دلیل اور منطق کا بیانیہ ہی کارگر ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تناظر میں اداروں کو مضبوط و فعال بنائیں گے، حکومت ان کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے قابل بنانے کے لئے تعاون فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ مختلف ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے اپنی پبلک ریلیشن کی مہارتوں کے ذریعے دنیا بھر میں ریاست کے بیانیہ کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے کے لئے اپنی توانائیوں کو بروئے کار لائیں۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق پبلسٹی کے جدید آلات خصوصاً ڈیجیٹل میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں میں بہتری پر توجہ دےں۔ انہوں نے کہا کہ فلمیں اور ڈرامے کسی بھی معاشرے کی اقتدار کے فروغ اور ان کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہیں اور انہیں معاشرے میں اچھائی پھیلانے کے لئے استعمال کیا جانا چاہیے۔ انفارمیشن گروپ کے افسران نے وزیر اطلاعات کو اپنی پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں درپیش مشکلات اور دیگر امور سے آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات نے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت اطلاعات کے افسران کے کیریئر کے تناظر میں معاملات کو ڈاکٹر عشرت حسین کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس سمیت اعلیٰ سطح پر اٹھایا جائے گا۔ بعد ازاں پرنسپل انفارمیشن آفیسر شفقت جلیل نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے امور سے متعلق وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔