اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب

اقوام متحدہ ۔ 18ستمبر (اے پی پی) پاکستان نے افغانستان کے تمام متحارب فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ بات چیت کے ذریعے امن عمل کا ماحول پیدا کرنے کے لئے تشدد میں کمی پر اتفاق کریں کیونکہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے نو …

اقوام متحدہ ۔ 18ستمبر (اے پی پی) پاکستان نے افغانستان کے تمام متحارب فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ بات چیت کے ذریعے امن عمل کا ماحول پیدا کرنے کے لئے تشدد میں کمی پر اتفاق کریں کیونکہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان گذشتہ کئی سال سے یہ کہہ رہے ہیں کہ افغانستان میں امن اہم فریقوں کے درمیان بات چیت کے ذریعے سیاسی تصفیے سے ہی ممکن ہے۔ سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورتحال پر مباحثے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں بھی افغانستان میں امن، استحکام اورخوشحالی کے لئے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔ نئی حکومت کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنا پہلا غیر ملکی دورہ افغانستان کا ہی کیا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعاون افغانستان اور پورے خطے میں امن و سلامتی کے لئے ناگزیر ہے۔ پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اس اعلان کا بھی خیر مقدم کیا جس میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں طویل ترین امریکی جنگ کے خاتمے کا بہترین طریقہ اس تنازعے کا بات چیت کے ذریعے سیاسی حل ہے۔ پاکستان بھی گذشتہ ایک عشرے سے اسی موقف کا اعادہ کر رہا ہے اور عالمی برادری اور اقوام متحدہ کا بھی یہی موقف ہے۔