وزیراعظم عمران خان کی پاکستان کے مختلف گرجا گھروں کے بشپس کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو ذات، رنگ یا نسل سے قطع نظر یکساں حقوق فراہم کرتا ہے، حکومت اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور قومی زندگی میں شرکت کیلئے برابر مواقع کو یقینی بناتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بات پاکستان کے مختلف گرجا گھروں کے بشپس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی …

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو ذات، رنگ یا نسل سے قطع نظر یکساں حقوق فراہم کرتا ہے، حکومت اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور قومی زندگی میں شرکت کیلئے برابر مواقع کو یقینی بناتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بات پاکستان کے مختلف گرجا گھروں کے بشپس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعظم کو سربراہ حکومت منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری وزیراعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔ وزیراعظم نے غیر مسلم برادریوں بالخصوص مسیحی برادری کی تعلیم، صحت اور سماجی بہبود سمیت مختلف شعبوں میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں سراہا۔ انہوں نے بین العقیدہ ہم آہنگی کے فروغ اور ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے شانہ بشانہ کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے وزیراعظم کو مسیحی برادری سے متعلق بعض مسائل سے بھی آگاہ کیا اور بین العقیدہ ہم آہنگی کے فروغ اور اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بعض تجاویز بھی پیش کین۔ وفد نے وزیراعظم کو حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کے حوالہ سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ یہ وفد بشپ عرفان جمیل (لاہور)، بشپ الوین سیموئیل (سیالکوٹ)، آرچ بشپ ارشد جوزف (اسلام آباد)، آرچ بشپ سبسٹین شاہ (لاہور)، ڈاکٹر قیصر تولس (لاہور)، ڈاکٹر لیاقت قیصر (لاہور)، بشپ لیو پال (ملتان)، انتھونی لیموئل، جنرل سیکرٹری پاکستان بائبل سوسائٹی، جینیفر جیک جیون، سابق ڈائریکٹر کرسچین سٹڈی سنٹر، پینٹی کوسٹل چرچز کے نمائندہ ڈاکٹر جمال ناصر اور روبینہ فیروز پر مشتمل تھا۔ رکن قومی اسمبلی شونیلا رتھ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔