وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

61
کسان کارڈز کا اجراء کسانوں کیلئے ایک سنگ میل ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین
کسان کارڈز کا اجراء کسانوں کیلئے ایک سنگ میل ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

اسلام آباد ۔ 16 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں لوگ مغربی ممالک کی طرز پر آزادی اظہار رائے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ‘ وہ بلا خوف و خطر مختلف امور پر آزادانہ مباحثہ اور مکالمہ کرتے ہیں’ حکومت نے میڈیا کی آزادی پر کوئی قدغن نہیں لگائی ہے۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے میڈیا کی آزادی اظہار پر کوئی بھی قدغن نہیں لگائی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیشنل ایکش پلان تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے تیار کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے ابتداء میں تو نفرت انگیز تقریروں کے خلاف کارروائی کی لیکن بعد میں وہ ایسا کرنے سے گریزاں رہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پورے ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اقتصادی بحران پرتبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی’ توانائی اور دیگر مسائل اقتصادی بحران سے منسلک ہیں اور حکومت معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔